عمران خان نےفواد چودھری کو بھگوڑا قرار دے دیا
پی ٹی آئی کا عمران خان کی ہدایت پر فوادچودھری سے اعلان لاتعلقی، بھگوڑا قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی کے وکیل رہنما شعیب شاہین نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ جو بھگوڑے پارٹی چھوڑ گئے ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نےکہاکہ آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی جہاں انہوں نے فواد چودھری سے اعلانیہ لاتعلقی کا اظہار کرنے کی ہدایت کی ہے۔فواد چوہدری اپنی رائے پی ٹی آئی کے مؤقف کے طور پر پیش کرنے کے مجاز نہیں۔ پارٹی فواد چوہدری سے مکمل طور پر لا تعلقی کا اعلان کرتی ہے۔
بیرسٹرگوہرنے کہاکہ ہم واضح کرتے ہیں کہ فواد چوہدری کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، وہ میڈیا، سوشل میڈیا، ٹی وی پر پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ فواد چودھری 9 مئی واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے الگ ہوگئے تھے تاہم کچھ عرصہ بعد انہوں نے تحریک انصاف میں واپسی کے لیے کوششیں کیں۔ اب وہ ٹی وی اسکرین اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا تعلق تحریک انصاف کے ساتھ جوڑ رہے تھے۔
کچھ روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ افراد کے بجائے ایشوز پر توجہ دیں۔
سینیئر صحافی انصار عباسی کو دیے گئے انٹرویو میں فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مشورہ دیا ہے کہ وہ فوج اور اس کی اعلیٰ قیادت کے معاملے میں درجہ حرارت میں کمی لائیں۔