عمران خان کی 8مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئےمقرر

لاہور ہائی کورٹ نے جناح ہاؤس حملے سمیت 9 مئی کے فسادات کے 8 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں کی سماعت مقرر کردی۔

لاہورہائیکورٹ کےجسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ 10 اپریل کو درخواستوں کی سماعت کرے گا۔تمام مقدمات کے تفتیشی افسران اور اسپیشل پراسیکیوٹرز مکمل ریکارڈ کے ساتھ بینچ کے سامنے پیش ہوں گے۔

انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے 27 نومبر 2024 کو ان 8 مقدمات میں سابق وزیر اعظم کی ضمانت مسترد کردی تھی۔ضمانت کی درخواستوں میں بنیادی طور پر دلیل دی گئی ہے کہ استغاثہ ایف آئی آر میں بیان کردہ بدقسمت واقعات کے ساتھ درخواست گزار کا تعلق ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ان کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کو 9 مئی کے مقدمات میں صرف سیاسی وجوہات کی بنا پر ہراساں کرنے اور ان کی تذلیل کرنے کے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملوث کیا گیا ہے حالانکہ وہ نیب کی تحویل میں تھے۔

درخواستوں میں مزید کہا گیا ہے کہ ان معاملات میں درخواست گزار کے خلاف واحد الزام ’اکسانے‘ کا ہے، جسے استغاثہ نے انتہائی مبہم انداز میں عائد کیا ہے۔

Back to top button