ڈیری فارمز ایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کردیا

ڈیری اینڈ کیٹل فارمز ایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے درست منصوبہ بندی نہ کی گئی تو مئی میں دودھ 300 روپے فی لیٹر سے کم نہیں ملے گا۔
ایسوسی ایشن کے حکام نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ چارے، دودھ اور گوشت کی ترسیل اور دودھ کی دکانوں کو پابندی سے مستثنیٰ قراردیا جائے۔ ایسوسی ایشن نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ان پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔
ڈیری اینڈ کیٹل فارمز ایسوسی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پابندی کے حوالے سے ہمارے ساتھ بھی مشاورت کرے کیوں کہ درست منصوبہ بندی کے بغیر کیے گئے فیصلوں سے مئی میں دودھ 300 روپے فی لیٹر سے کم میں نہیں ملے گا۔
خیال رہے کہ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کی روک تھام کےلیے کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کر رکھا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران صرف سبزی، پرچون اور دودوھ کی دکانوں، میڈیکل اسٹور اور اسپتالوں کو کھلا رکھنے کی اجازت ہے۔