مئی میں پاک بھارت کشیدگی ایک خطرناک جنگ کا رخ اختیار کرسکتی تھی، اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جاری تنازعات عالمی امن کے لیے سنگین خطرات بن چکے ہیں، جبکہ مئی میں پاک بھارت کشیدگی ایک خطرناک جنگ کا رخ اختیار کرسکتی تھی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اس وقت دنیا کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ جنوبی ایشیا کو غربت، ناخواندگی اور قدرتی آفات سمیت متعدد سنگین مسائل کا سامنا ہے، اس لیے خطے کے ممالک کو اپنے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی سے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے تنازعات امن کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا بھی خطے کے امن کو مستقل خطرے سے دوچار کیے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق جنوبی ایشیا دنیا کا سب سے بڑا آبادی والا خطہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معاشی حالات تیزی سے بدل رہے ہیں جبکہ جنوبی ایشیا میں موسمیاتی تبدیلیوں اور غذائی عدم تحفظ کے چیلنجز مزید سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ گرمی میں اضافہ اور شدید سیلابوں نے خطے کی معیشتوں پر تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کا سکیورٹی ماحول انتہائی پیچیدہ ہو چکا ہے۔ بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ مئی میں پاک بھارت کشیدگی ممکنہ طور پر تباہ کن جنگ میں تبدیل ہوسکتی تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ سے تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری کا حامی رہا ہے۔

Back to top button