مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج کا جعلی مقابلہ، 3 کشمیری نوجوان شہید

مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ایک اور جعلی مقابلے میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ضلع سرینگر کے علاقے داچھی گام میں پیش آیا، جہاں بھارتی فورسز نے نوجوانوں کو نشانہ بنایا۔ بھارتی حکام نے شہداء کی شناخت کیے بغیر ہی انہیں 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے ایک حملے کا مبینہ ذمہ دار قرار دے دیا۔

مقامی آبادی نے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے شہداء کو بے گناہ قرار دیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان نوجوانوں کو جان بوجھ کر عسکریت پسند ظاہر کر کے ایک من گھڑت مقابلے میں مارا گیا۔

ادھر سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ وادی میں ’آپریشن مہادیو‘ کے نام سے ایک نیا فوجی کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس آپریشن کا اصل مقصد مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی آزادی کی تحریک کو طاقت کے زور پر دبانا اور بھارت میں نریندر مودی حکومت کی کمزور ہوتی سیاسی ساکھ کو سہارا دینا ہے۔ بھارتی حکومت اس کارروائی کو ایک بڑی عسکری کامیابی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ اس سے قبل ’آپریشن سندور‘ کی ناکامی پر ہونے والی تنقید کا رخ موڑا جا سکے۔

Back to top button