طلاق کی خوشی میں بھارتی شخص کا دودھ سے نہا کر جشن

بھارت میں بیوی سے طلاق کے بعد خوشی مناتے ہوئے ایک شہری نے دودھ سے نہا کر جشن منایا، جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
یہ غیر معمولی واقعہ بھارتی ریاست آسام میں پیش آیا، جہاں مانک علی نامی شخص کو عدالت کی جانب سے طلاق کی منظوری ملنے کی اطلاع ان کے وکیل نے دی۔ خوشی کے اظہار میں مانک علی نے اپنے گھر کے باہر آ کر نہ صرف طلاق کا اعلان کیا بلکہ دودھ سے نہا کر آزادی کا جشن بھی منایا۔
ویڈیو میں مانک علی کہتے نظر آئے کہ وہ یہ جشن اس لیے منا رہے ہیں کیونکہ ان کی بیوی دو مرتبہ گھر سے بھاگ چکی تھیں، اور وہ یہ سب کچھ اپنے خاندان کی خاطر برداشت کرتے رہے۔ تاہم، جب صورتحال حد سے بڑھ گئی تو انہوں نے عدالت سے رجوع کیا، جس کا فیصلہ اب ان کے حق میں آیا ہے۔
مانک علی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس پر صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل سامنے آئے۔ کچھ نے اس انداز کو منفرد اور مزاحیہ قرار دیا، جبکہ کئی صارفین نے طلاق جیسے حساس معاملے پر جشن منانے کو نامناسب رویہ کہا۔
