انگلینڈنےبھارت کو تیسرے ٹیسٹ میں 22 رنز سے شکست دیدی

انگلینڈ نے لارڈز میں کھیلے گئے سنسنی خیز تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 22 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔
میچ کے پانچویں اور آخری روز بھارت نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 58 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔ جیت کے لیے 135 رنز درکار تھے جبکہ انگلینڈ کو صرف 6 وکٹیں درکار تھیں۔
ابتداء میں رشبھ پنت محض 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اور تھوڑی ہی دیر بعد کے ایل راہول بھی 39 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ واشنگٹن سندر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ نتیش کمار ریڈی نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔
رویندرا جڈیجا نے ایک سرے پر ڈٹے رہتے ہوئے مزاحمت کی، لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں۔ جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے بالترتیب 54 گیندوں پر 5 اور 30 گیندوں پر 4 رنز اسکور کیے، اور نویں و دسویں وکٹ کی شراکت میں جڈیجا کا بھرپور ساتھ دیا۔ تاہم، فتح سے صرف 22 رنز پہلے بھارت کی اننگز تمام ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ برائڈن کارس نے 2 جبکہ شعیب بشیر اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ کامیابی انگلینڈ کے لیے سیریز میں نیا موڑ ثابت ہوئی ہے، جبکہ بھارت کے لیے یہ شکست ایک سنجیدہ دھچکہ بن کر سامنے آئی ہے۔
