انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانےکاخواہشمند

وزیراعظم شہبازشریف سےانڈونیشیا کے وزیر دفاع سیافری سمسو دین کی ملاقات، دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانےکاخواہش کااظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق انڈونیشیائی وزیر دفاع نے صدر پرابووو سوبیانٹوو کی جانب سے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں، جو مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک تجارت، تعلیم، صحت اور دفاع سمیت کئی شعبوں میں تعاون کرتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور باہمی مفاد کی سرمایہ کاری کے مواقع کو تلاش کرنے اور ان میں وسعت لانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اقتصادی، اسٹریٹجک، تجارتی، دفاعی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے قاہرہ میں ڈیولپنگ-8 سربراہی اجلاس کے موقع پر انڈونیشی صدر سے ہونے والی گزشتہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے دو طرفہ کثیر جہتی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ بیان کے مطابق، یہ ملاقات پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کا عکاس تھی۔

وزیر اعظم نے پاکستان-انڈونیشیا دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے کلیدی شعبوں میں عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ رواں سال جون میں دونوں ممالک نے ویکسین کی پیداوار، انڈونیشیا میں طبی اداروں کے قیام، دواسازی کی ترقی اور انسانی وسائل کے تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔

گزشتہ برس، انڈونیشیا کے ناظم الامور رحمت ہندیارٹا نے پاکستانی کاروباری شخصیات اور ان کے اہل خانہ کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیہ کا اہتمام کیا تھا تاکہ مالیاتی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

Back to top button