وزیراطلاعات کی وزیردفاع کےمستعفیٰ ہونےکی تردید

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے استعفے کی خبروں کووزیراطلاعات عطا تارڑ نے سختی سے مسترد کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع کے مستعفی ہونے کی تمام اطلاعات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ خواجہ آصف کسی دباؤ یا اندرونی اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی جب خواجہ آصف کی جانب سے بیوروکریسی پر ایک چونکا دینے والا بیان سامنے آیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری کردہ پوسٹ میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں جائیدادیں خرید چکی ہے۔
وزیر دفاع نے الزام لگایا کہ بیوروکریسی کے متعدد بااثر افسران یورپی شہریت حاصل کرنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق یہ وہی بیوروکریٹس ہیں جنہوں نے ملک کے وسائل کو اربوں روپے کی حد تک لوٹا اور ریٹائرمنٹ کے بعد بیرون ملک پرتعیش زندگی گزارنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔
خواجہ آصف کے اس بیان نے ملک میں اعلیٰ سرکاری افسران کی وفاداری اور شفافیت پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
دوسری جانب خواجہ آصف کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات پر حکومت کا کہنا ہے کہ ایسی افواہیں سیاسی ماحول کو خراب کرنے کی ایک سازش ہیں۔
