انجری کاشکارشاداب خان کی ایشیا کپ میں شرکت مشکوک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی ایشیا کپ 2025 میں شرکت کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں، کیونکہ وہ ابھی تک کندھے کی انجری سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے۔
رپورٹ کے مطابق 26 سالہ آل راؤنڈر نے رواں ماہ برطانیہ میں کندھے کی سرجری کروائی تھی، تاہم بحالی کے عمل میں مزید وقت درکار ہے۔ یہ وہی انجری ہے جس کے باعث وہ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹی 20 سیریز اور دورہ ویسٹ انڈیز سے بھی باہر رہے۔
میڈیکل ماہرین کا کہنا ہے کہ شاداب کو مکمل صحتیابی کے لیے کم از کم تین ماہ کا وقت درکار ہے، جس کے باعث ان کی اکتوبر سے قبل میدان میں واپسی کا امکان کم ہے۔
ایشیا کپ 2025 کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہو رہا ہے اور یہ ایونٹ ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے لیے بھی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال شاداب خان کے نائب کپتان کے متبادل کا اعلان نہیں کیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز اور موجودہ دورۂ ویسٹ انڈیز کے دوران کسی کھلاڑی کو باضابطہ نائب کپتان نامزد نہیں کیا گیا، جب کہ ان میچز میں عبوری طور پر آغا سلمان ٹیم کی قیادت کرتے نظر آئے۔
