بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کی بنیاد ہے : ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور ترقی پسند ملک ہے، بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کا بنیادی ستون ہے، دشمن ہمیشہ ہماری قومی یکجہتی کے سامنے ناکام رہے گا۔

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے لاہور میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نمائندوں اور نوجوانوں کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک افواج کی کامیابی کو پوری قوم کی کامیابی قرار دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ قوم مذہبی تفریق کے بغیر دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوئی اور کامیاب ٹھہری۔ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ تاریخ اور قومی نصب العین کی بدولت یک دل، یک جان ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے، اور دشمن کو ہمیشہ ہماری یکجہتی، اتحاد اور عزم کے باعث اپنے عزائم میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑےگا۔

اس نشست میں موجود طلبہ و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص میں فتح پر پاک افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

Back to top button