وزیراعظم سےوزیرداخلہ کی ملاقات،زائرین کی نئی پالیسی پربریفنگ

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی، جس میں زائرین سے متعلق نئی پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے وزیرِ ہوابازی کو ہدایت کی کہ زائرین کے لیے خصوصی پروازوں کا بندوبست کیا جائے۔

شہبازشریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی کی ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ وزیرِ اعظم نے گوادر سیف سٹی منصوبے پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پرلکھا کہ رواں برس اربعین کے موقع پر زائرین کو بلوچستان کے راستے ایران یا عراق جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اربعین 2025 کے لیے براستہ بلوچستان سفر پر پابندی کا فیصلہ عوام کے تحفظ اور قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم فیصلے سے قبل دفتر خارجہ اور حکومتِ بلوچستان سے مکمل مشاورت کی گئی۔

وزیر داخلہ نے مزید وضاحت کی کہ زائرین ہوائی سفر کے ذریعے ایران یا عراق جا سکتے ہیں، اور وزیراعظم نے اربعین کے لیے خصوصی پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ زائرین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

Back to top button