پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات میں شدت ،پارٹی گروپوں میں تقسیم ہو گئی
پی ٹی آئی کے گڑھ سمجھے جانے والے صوبہ خیبرپختونخوا میں پارٹی رہنماؤں میں شدید اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔جہاں ایک طرف بشری بی بی اور علیمہ خان گروپ میں پارٹی پر قبضے کی جنگ جاری ہے وہیں تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عاطف خان کو گنڈاپور حکومت کے محکمہ اینٹی کرپشن کے جانب سے پے درپے نوٹسز نے پارٹی میں اختلافات پر مہر ثبت کر دی ہے۔ خیبرپختونخوا میں عاطف خان گروپ اور گنڈاپور سرکار کے ایک بار پھر کھل کر آمنے سامنے آنے کے بعد کے پی کے میں پارٹی کے اندر فارورڈ بلاک بننے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔
مبصرین کے مطابق تحریک انصاف خیبرپختو نخوا میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں خاص طور پر علی امین اور عاطف خان کے گروپوں کے درمیان کشیدگی بڑھتی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ صوبائی حکومت نے اپنے ہی رہنما اور رکن قومی اسمبلی عاطف خان کو دو انکوائری نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ پہلا نوٹس مالم جبہ کیس سے متعلق تھا، جبکہ دوسرا نوٹس مردان کے فضل گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے بھجوایا گیا ہے۔محکمہ انسداد بدعنوانی نے ان سے وضاحت طلب کی ہے کہ اشتہارات میں فضل گارڈن کے مالک یا منتظم کے طور پر ان کا نام کیوں ظاہر ہو رہا ہے۔الزامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے سرکاری زمین پر قبضہ کیا۔ مزید یہ کہ زرعی زمین کو رہائشی پلاٹوں میں تبدیل کیا گیا، جو مبینہ طور پر عائد پابندیوں اور ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ محکمہ یہ بھی الزام لگاتا ہے کہ فضل گارڈن کے نجی ترقیاتی منصوبے کے لئے سرکاری فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا۔ نوٹس میں عاطف خان کو ان الزامات کے جواب میں اضافی دستاویزات پیش کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے مسلسل دو نوٹسز ملنے کے بعد عاطف خان کا صبر جواب دے گیا جس پر انھوں ایک آڈیو پیغام میں علی امین گنڈا پور کو کھری کھری سنا ڈالیں۔عاطف خان نے نوٹس بھجوائے جانے پر کہا کہ سب جانتے ہیں اینٹی کرپشن کا نوٹس کیوں اور کس کے کہنے پر آیا ہے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی حرکت کرنے پر میں چپ بیٹھوں گا تو ایسا نہیں ہے۔سوشل میڈیا پر جاری کردہ مبینہ آڈیو پیغام میں بات کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اینٹی کرپشن کا نوٹس کیوں آیا ہے، ان چیزوں سے فرق نہیں پڑتا، اس طرح کے نوٹسز جاری کروانے والے اپنی حیثیت اور سوچ دکھا دیتے ہیں۔
عاطف خان کی جانب سے دھلائی کے جواب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام بھی سامنے آگیا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری کردہ آڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سابق صوبائی وزیر عاطف خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عاطف خان حیثیت کی بات نہ کرے، سب کو پتا ہے کس کی کیا حیثیت ہے۔وہ اتنااہم نہیں کہ میں اس کے پیچھے پھرتا رہوں۔ آپ حیثیت کی بات کررہے ہیں، آپ اس طرح کی باتیں نہ کریں، آپ کے منہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتیں،آپ حیثیت کے چکر میں پڑیں گے تو پھر ہمیں آپ کی حیثیت کا اچھی طرح معلوم ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ آپ دھمکیوں اور بدمعاشی سے نہ کوئی ڈرتا ہے اور نہ ہی کوئی مانتا ہے، آپ اتنے اہم فرد نہیں کہ میں جس کے پیچھے پھرتا رہوں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عاطف خان کو مشورہ دیا کہ انکوائری سے بچنے کے لیے آپ کو پیش ہونا ہوگا اور اپنا نام کلیئر کرانا ہوگا ورنہ یہ فائلیں اسی طرح پڑی رہیں گی جنہیں بعد میں کوئی اور کھول لے گا، یہ آپ کو صرف اس لیے بھیجا گیا ہے کہ آپ آئیں اور جواب دیں۔
عاطف خان اور گنڈاپور کی جانب سے کھلم کھلا آمنے سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی میں ایک اور محاذ کھل گیا ہے۔ جس کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں تاہم یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ یوتھیوں کا اس لڑائی کا نتیجہ کیا نکلتا ہے۔