خیبر پختونخوا میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی بحال کریں گے، سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عوامی حمایت کے بغیر کسی بھی اضافی بوجھ کو ناقابل قبول قرار دیا اور صوبائی حکومت کی کفایت شعاری اور عوامی فلاح کے اقدامات کا ذکر کیا۔
عمران خان کرکٹ سٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبے میں کرکٹ کی بحالی، بین الاقوامی میچز کی توقعات، اور عوام پر مہنگائی کے بوجھ سے بچاؤ کے لیے حکومت کی پالیسیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے کے عوام کے لیے انتہائی خوشی کا مقام ہے کہ آج ایک دفعہ پھر خیبر پختونخوا کی سرزمین پر کرکٹ بحال ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی 2026 کا باقاعدہ افتتاح ہو چکا ہے اور اسی اسٹیڈیم میں مستقبل میں پی ایس ایل کے میچز بھی منعقد ہوں گے۔ انشا اللہ ہم انٹرنیشنل کرکٹ بھی خیبر پختونخوا میں بحال کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وفاقی وزرا برائے خزانہ و پیٹرولیم کے ساتھ میٹنگ میں واضح کر دیا گیا کہ عوام پر کسی قسم کا مہنگائی کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔
انہوں نے کرونا کے دوران عمران خان کے سمارٹ لاک ڈاؤن کی مثال دی اور کہا کہ اس وقت پٹرول کی قیمت ایک سو پچاس روپے تھی مگر آج پیٹرول 55 روپے مہنگا ہونے کے باوجود مہنگائی کے حوالے سے کوئی شدید ردعمل نہیں آیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام پر بوجھ ڈالنا درست نہیں، حکمران اپنے لیے فضول اخراجات کر سکتے ہیں لیکن عوام سے قربانی لینا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کسی کے غلام نہیں اور صوبائی حکومت کسی بھی اضافی بوجھ کو برداشت نہیں کرے گی۔
