خواتین سے متعلق افغان حکومت نے یو این رپورٹ کو مسترد کر دیا

خواتین کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ کے رد عمل میں افغانستان کی امارات اسلامیہ نے کہا ہے کہ مغربی ممالک نے موجودہ افغان حکومت کے خلاف پروپیگنڈے کی وسیع کوششیں شروع کر رکھی ہیں۔
امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ خواتین کے بارے میں احکامات شریعت کے مطابق ہیں اور امارات اسلامیہ کے احکام کی دنیا بھر میں مخالفت ان کے اسلام کے ساتھ مسائل کی وجہ سے ہے۔ یو این کی پوری رپورٹ افغانستان مخالف پروپیگنڈہ ہے۔ دوسرا، یہاں پر نافذ تمام قوانین اسلامی اور شریعت پر مبنی ہیں۔ رچرڈ بینیٹ، ان کے لوگوں اور ان جیسی تنظیموں کا مسئلہ ،جو مغرب میں پروپیگنڈہ کرتے ہیں، اسلام اور اسلامی قانون کے ساتھ ہیں۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی نمائندہ برائے افغان انسانی حقوق رچرڈ بینیٹ نے افغانستان میں خواتین کے حوالے سے موجودہ افغان حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف سنگین، منظم اور ادارہ جاتی امتیازی سلوک طالبان کے نظریے اور حکمرانی کا مرکز ہے، جو ان خدشات کو بھی جنم دیتا ہے وہ صنفی امتیاز کے لیے ذمہ دار ہو سکتے ہیں۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی جو کہ ابھی تک واضح طور پر بین الاقوامی جرم نہیں ہے اس کے لیے مزید مطالعات کی ضرورت ہے۔ایک پائیدار امن صرف افغانستان کے لوگوں، عورتوں، مردوں، کسی بھی صنف اور مختلف نسلی اور مذہبی گروہوں کے تنوع کی دولت کو تسلیم کرنے سے ہی قائم ہو گا۔
