ایران اور امریکی جنگی جہاز خلیج عمان میں آمنے سامنے ،کشیدگی ٹل گئی

ایران کی بحریہ کے ہیلی کاپٹر اور امریکی جنگی جہاز خلیج عمان میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے، جس کے باعث مختصر وقت کے لیے کشیدگی پیدا ہو گئی، تاہم امریکی جہاز کے راستہ تبدیل کرنے پر معاملہ ختم ہو گیا۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق یہ واقعہ صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا جب امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرالڈ نے ایرانی نیول حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی نیوی کے تھرڈ ریجن (نابوت) سے وابستہ ایئر یونٹ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے امریکی جہاز کو وارننگ دی۔ ہیلی کاپٹر نے امریکی جنگی جہاز کے اوپر پرواز کرتے ہوئے سخت لہجے میں راستہ بدلنے کا انتباہ جاری کیا۔
ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق دوسری وارننگ کے بعد ایئر ڈیفنس کمانڈ نے مداخلت کی اور واضح کیا کہ ہیلی کاپٹر دفاعی حکمت عملی کے تحت تعینات تھا۔ امریکی جہاز کو متنازع علاقے سے دور رہنے کی تنبیہ کی گئی، جس کے بعد یو ایس ایس فٹزجیرالڈ نے جنوب کی سمت میں اپنا راستہ بدل لیا۔ ایرانی پائلٹ نے اپنا مشن مکمل کر کے واپسی کی۔
