قطر میں امریکی اڈے پر ایرانی حملہ، ایرانی سفیر کی طلبی

قطر نے اپنے ملک میں موجود امریکی فوجی اڈے العدید پر ایرانی میزائل حملے کے بعد ایران کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق، قطری وزارتِ خارجہ نے ایران کی جانب سے قطر میں قائم امریکی اڈے "العدید” پر میزائل حملے پر سخت اظہارِ تشویش کرتے ہوئے دوحہ میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس اقدام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ العدید بیس پر حملہ ایران کا اپنے دفاع کا آئینی اور قانونی حق تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ کارروائی قطر کے خلاف ہرگز نہیں تھی اور نہ ہی اس سے ایران اور قطر کے برادرانہ تعلقات متاثر ہوں گے۔

اسرائیل کا ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، ایران کی تردید

اس سلسلے میں ایران کے نائب وزیر خارجہ، ماجد تخت روانچی نے قطری حکام کو اپنے پیغام میں یقین دہانی کرائی کہ ایران، ایک اچھے ہمسائے کے طور پر، دو طرفہ تعلقات کو جاری رکھنے اور مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے یہ حملہ اس وقت کیا جب امریکا نے مبینہ طور پر ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی میں قطر میں موجود امریکی اڈے کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

Back to top button