محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ کا رابطہ: سیلاب متاثرین کےلیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش

پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال پر ایران نے ایک مرتبہ پھر بھائی چارے اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے سیلاب متاثرین کےلیے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے ہمدردی اور تعزیت کا پیغام دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی سے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی نے فون پر گفتگو کی اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ایران کے عوام دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتےہوئے صبر جمیل کی دعا کی اور سیلاب متاثرین کےلیے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کی۔
سکندر مومنی نے کہاکہ پاکستان ایک برادر ہمسایہ ملک ہے اور مشکل وقت میں ایران اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ قدرتی آفات کی اس صورت حال میں ہم ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کےلیے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کی پیشکش اور جذبہ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو تاریخ میں پہلی بار شدید تباہ کن صورت حال کا سامنا ہے تاہم ریاستی ادارے متاثرین کی امداد اور بحالی کےلیے میدان میں متحرک ہیں اور ریلیف ہماری اولین ترجیح ہے۔
