ایرانی صدراسرائیلی حملے میں زخمی ہوئےتھے،ترک میڈیاکاانکشاف

اسرائیل اور ایران کے درمیان حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے زخمی ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

 ترک خبر ایجنسی "انادولو” نے ایرانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ 17 جون کو اسرائیلی حملے کے وقت ایران کی اعلیٰ قیادت تہران میں ایک محفوظ مقام پر اجلاس میں مصروف تھی۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے اس عمارت کے داخلی و خارجی راستوں کو 6 پروجیکٹائلز سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں صدر مسعود پزشکیان کی ٹانگ پر معمولی زخم آئے۔ تاہم ایرانی صدر اور دیگر تمام اعلیٰ عہدیداران بحفاظت عمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔

فارس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے اسی نوعیت کا حملہ ماضی میں حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کے لیے بھی کیا تھا۔ ترک میڈیا کے مطابق ایرانی حکام کو شبہ ہے کہ اس حملے سے متعلق معلومات ممکنہ طور پر اندرونی ذرائع سے لیک ہوئی تھیں۔

یاد رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے جوہری تنصیبات، عسکری مراکز اور سویلین علاقوں پر میزائل حملے کیے تھے، جن میں 606 افراد شہید جبکہ 5 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ جواباً ایران نے اسرائیل پر شدید جوابی کارروائیاں کیں، جن میں 29 افراد ہلاک اور 3,400 سے زائد زخمی ہوئے۔

بالآخر 24 جون کو امریکا کی ثالثی اور مداخلت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 13 روزہ جنگ کا خاتمہ ہوا۔

Back to top button