آبنائے ہرمز سے تیل کی ایک بوند بھی نہیں گزرنے دیں گے، پاسدارانِ انقلاب

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز سے تیل کی ایک بوند بھی نہیں گزرنے دیں گے اور اگر کسی جہاز نے اس راستے سے گزرنے کی کوشش کی تو اسے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق آبنائے ہرمز اس وقت ایرانی بحریہ کے مکمل کنٹرول میں ہے اور ایران اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس اہم سمندری راستے کو بند رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بحری جہاز اس راستے سے گزرنے کی کوشش کرے گا تو اسے میزائل، ڈرون یا بحری کارروائی کے ذریعے تباہ کیا جا سکتا ہے۔

ایرانی کمانڈر کے مشیر ابراہیم جباری نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے بعد آبنائے ہرمز کو بند کرنا دفاعی اقدام ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس راستے سے گزرنے والے جہازوں کو آگ لگا دی جائے گی۔

دوسری جانب امریکا نے اعلان کیا ہے کہ امریکی بحریہ خلیج میں تجارتی جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر سکتی ہے تاکہ عالمی تیل کی سپلائی متاثر نہ ہو۔

 جنگی جہاز پر امریکی آبدوز کے حملے میں 80 ایرانی فوجی شہید

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی سب سے اہم توانائی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے۔دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل اور بڑی مقدار میں گیس اسی راستے سے عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ جبکہ روزانہ درجنوں تیل بردار جہاز یہاں سے گزرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ راستہ مکمل طور پر بند ہو گیا تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ سکتی ہیں اور عالمی معیشت کو شدید دھچکا لگ سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ کشیدگی کے بعد کئی تیل بردار جہازوں نے آبنائے ہرمز کے قریب لنگر انداز ہونا شروع کر دیا ہے جبکہ بعض بحری کمپنیوں نے اس راستے سے گزرنے سے گریز کیا ہے۔

 

Back to top button