اسلام آباد : چینی کے سرکاری نرخ مقرر، خلاف ورزی پر سخت ایکشن کی ہدایت

اسلام آباد میں چینی کی ریٹیل قیمت 172 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو ہوگی، اور مقررہ قیمت سے تجاوز کرنے پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ہدایت جاری کی ہے کہ زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چینی خریدتے وقت سرکاری ریٹ لسٹ کو مدنظر رکھیں اور گراں فروشی کی صورت میں متعلقہ دکاندار کی نشاندہی کریں۔
ادھر پنجاب حکومت نے بھی آئندہ چار ماہ کے لیے چینی کی قیمتیں مقرر کر دی ہیں۔ 15 اکتوبر کے بعد صوبے میں چینی کی ایکس مل قیمت 171 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 179 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
زرمبادلہ ذخائر میں 7 کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی کمی
دوسری جانب، کوئٹہ میں چینی کی قیمتوں میں کوئی کمی نہ آ سکی۔ رواں ماہ 10 روپے اضافے کے بعد شہر میں چینی فی کلو 190 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جب کہ نواحی علاقوں میں یہ نرخ 195 روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو چینی 183 روپے میں دستیاب ہے۔
چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے، جب کہ ڈیلرز آئندہ دنوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔
