اسلام آباد: ڈسٹرکٹ ججز سے سکیورٹی واپس، عدالت نے ڈی آئی جی کو طلب کرلیا

اسلام آباد پولیس کی جانب سے ڈسٹرکٹ اور سیشن ججز کو فراہم کی گئی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، جس پر عدالتی برہمی سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے ڈسٹرکٹ ججز کے ساتھ تعینات گن مینوں کو بھی واپس بلا لیا ہے، جس کے بعد عدالت نے معاملے کا فوری نوٹس لے لیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ناصر جاوید رانا نے اس پیش رفت پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ڈی آئی جی سکیورٹی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے کہ کس بنیاد پر ججز سے سکیورٹی واپس لی گئی۔
عدالتی حکم کے مطابق، ڈی آئی جی عدالت میں پیش ہو کر سکیورٹی واپس لینے کے فیصلے کی وضاحت دیں گے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ آئندہ سماعتوں میں اس فیصلے کا جائزہ مزید سخت انداز میں لیا جائے گا۔
