جامعہ کراچی نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخ کر دی

جامعہ کراچی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ایل ایل بی کی ڈگری منسوخ کرتے ہوئے ان پر تین سال کی تعلیمی پابندی عائد کر دی ہے۔
یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، طارق محمود ولد قاضی محمد اکرم کی ایل ایل بی کا نتیجہ اور ڈگری غیر منصفانہ ذرائع کے استعمال کے باعث کالعدم قرار دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہیں کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے یا امتحانات میں شرکت کرنے سے تین سال کے لیے روک دیا گیا ہے۔
مزید برآں، اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ طارق محمود کبھی بھی اسلامیہ لاء کالج کراچی کے باقاعدہ طالبعلم نہیں تھے، جس پر ان کی قانونی تعلیم کے دعوے کو سخت شک و شبہات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری اسلام آباد ہائیکورٹ کے موجودہ ججز میں شامل ہیں، اور اس فیصلے کے بعد ان کی اہلیت اور تعلیمی ساکھ پر سنجیدہ سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
