صدر اور وزیراعظم کی کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر حملے کی شدید مذمت

 

 

 

 

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاکہ دہشت گردی سے جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی،بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، شہداء کے اہلِخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کرتا ہوں اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کےلیے دعا گو ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کراچی میں رینجرز کیمپ پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم کے حملے کی مذمت کرتےہوئے شہداء  کو خراج عقیدت پیش کیا اور دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رینجرز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بناکر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت،بہادری اور فرض شناسی کا ثبوت دیا۔

وزیراعظم نےکہا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کیا گیا، جس سے دہشت گردوں کے منصوبے ناکام ہوگئے۔

انہوں نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےکہا کہ پوری قوم وطن پر جان قربان کرنے والے سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے،ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتےہوئے کہا کہ قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے،جب کہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کےلیے دعاگو ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائےگا اور دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کار اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، جب کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

کراچی رینجرز کیمپ حملہ: بھارتی حمایت یافتہ تنظیم کے 3 دہشتگرد ہلاک، افغان خارجی گرفتار 

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہےگی۔

 

 

 

Back to top button