کراچی رینجرز کیمپ حملہ: بھارتی حمایت یافتہ تنظیم کے 3 دہشتگرد ہلاک، افغان خارجی گرفتار

بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گردوں نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر حملہ کیا،رینجرز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے مذموم عزائم ناکام بنادیے جب کہ تین خوارج ہلاک اور ایک افغان خارجی زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار کے خوارج نے کراچی میں رینجرز کیمپ کےمرکزی گیٹ پر دھماکے کےبعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی،تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنادیے، کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی افغان دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے تین جوان بھی شہید اور 4 زخمی ہوئے،علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزم استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا ہےکہ قوم کی حفاظت کےلیے یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، پاکستان اپنےجوانوں کی شہادت کا بدلہ لینے کےلیے حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے گا۔
