کراچی سےشکارپور تک امن وامان کی صورتحال بہترہے،شرجیل میمن

سندھ کے سینئروزیرشرجیل میمن کاکہناہے کہ کراچی سے لے کر کشمور اور شکارپور تک امن وامان کی صورتحال پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہیں۔قانون نافذ کرنے والے ادارے مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں، جبکہ ماضی میں جہاں سیکڑوں افراد اغوا ہوتے تھے، اب ایسی صورتحال باقی نہیں رہی۔

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت کے زیر انتظام ایک بھی سڑک خراب نہیں، جبکہ وفاقی حکومت کے ماتحت آنے والی شاہراہوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔اگر کوئی پورے سندھ میں صوبائی حکومت کی ایک بھی خستہ حال سڑک ثابت کر دے تو وہ اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارے نئی سڑکوں کی تعمیر اور موجودہ انفراسٹرکچر کی بحالی میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہے، جبکہ سندھ حکومت نے اپنے زیر انتظام شاہراہوں کو بہتر بنایا ہے اور دیہی علاقوں میں کچے راستوں کو پیور بلاکس سے پختہ کیا جا رہا ہے۔

سندھ کے سینئروزیر شرجیل میمن نے تعلیم کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکولوں کے لیے 97 ہزار اساتذہ کی بھرتیاں انتہائی شفاف انداز میں کی گئیں۔ ان کے مطابق نہ تو کسی امیدوار کی سفارش کی شکایت سامنے آئی اور نہ ہی یہ الزام لگا کہ کسی نے پیسے دے کر ملازمت حاصل کی، اس لیے اس بھرتی کے عمل کو سراہا جانا چاہیے۔

اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سینیئر وزیر نے کہاکہ شاہراہ بھٹو سے اپوزیشن ارکان خود سفر کرتے ہیں مگر اس منصوبے کی تعریف کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

 

 

 

 

Back to top button