ایران باز نہ آیا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹا دینگے: ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو امریکا اپنی فوجی کارروائیاں مزید وسیع کر سکتا ہے، ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب مزید تحمل ممکن نہ رہے اور ایران کو ہمیشہ کیلئے صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی فضائیہ نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخائر، ساحلی ریڈار تنصیبات اور دیگر فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی اور خطے میں اس کی عسکری سرگرمیوں کے جواب میں کی گئیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو امریکا اس فوجی مہم کو مکمل کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے، جس کے نتائج ایران کے لیے انتہائی سنگین ہوں گے۔انہوں نے مزید خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے سبق نہ سیکھا تو ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب امریکا مزید برداشت کا مظاہرہ نہ کر سکے، اور پھر وہ کارروائی مکمل کی جائے جس کا آغاز پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔اپنے بیان میں امریکی صدر نے یہاں تک کہا کہ اگر ایران نے اپنی پالیسی تبدیل نہ کی تو "اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔”اگر انہوں نے سبق نہ سیکھا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بھی اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر مبینہ حملوں اور ایران کی جانب سے جارحانہ اقدامات کے جواب میں امریکی افواج نے ایران کے فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت سے متعلق اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ مبصرین کے مطابق ٹرمپ کے تازہ بیان کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک سخت سفارتی اور عسکری انتباہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ایران کی جانب سے اس بیان پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Back to top button