اسلام آباد خودکش حملہ پوری قوم کے لیے ویک اپ کال ہے: وزیرِ دفاع

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پوری قوم کے لیے “ویك اَپ کال” قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیر دفاع نے لکھا کہ “ہم حالتِ جنگ میں ہیں۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ پاک فوج یہ جنگ صرف افغان سرحدی علاقوں یا بلوچستان کے دور دراز حصوں میں لڑ رہی ہے، تو آج اسلام آباد کچہری میں ہونے والا خودکش حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ پوری قوم کی جنگ ہے۔ پاک فوج روزانہ قربانیاں دے رہی ہے اور عوام کو تحفظ کا احساس دلا رہی ہے۔”
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں کابل کے حکمرانوں سے کامیاب مذاکرات کی زیادہ امید رکھنا عبث (یعنی بیکار) ہے۔
انہوں نے کہا کہ “کابل کے حکمران پاکستان میں دہشت گردی روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مگر اسلام آباد میں حملہ دراصل کابل کی جانب سے ایک پیغام ہے۔ پاکستان کے پاس اس کا بھرپور جواب دینے کی، الحمدللہ، مکمل صلاحیت موجود ہے۔”
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ضلعی کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 25 سے زائد زخمی ہوئے۔ حملہ آور کا سر موقع سے مل گیا ہے، جسے شناخت کے لیے محفوظ کرلیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق خودکش حملہ آور کچہری کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ وہ تقریباً 10 سے 15 منٹ تک باہر کھڑا رہا اور موقع دیکھتا رہا، تاہم پولیس کی گاڑی قریب آنے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ حملہ آور کی شناخت اولین ترجیح ہے اور اس میں ملوث تمام کرداروں کو جلد سامنے لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز وانا میں بھی بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکا ہوا، جس میں افغانستان کا ہاتھ واضح ہے اور وہاں سے دہشت گردوں کی کمیونیکیشن بھی جاری تھی۔
