اسرائیلی وزیراعظم کی آپریشن سندور کے دوران بھارت  کی فوجی مدد کی تصدیق

اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مئی میں ہونے والے "آپریشن سندور” کے دوران اسرائیل نے بھارت کو فوجی مدد فراہم کی۔

یہ آپریشن اُس وقت انجام دیا گیا جب بھارت نے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے پار حملے کیے، جس کے نتیجے میں دونوں جوہری ممالک کے درمیان چار روزہ کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔

نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ انہوں نے یروشلم میں بھارت کے سفیر جے پی سنگھ سے ملاقات کی، جس میں دفاعی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں، نیتن یاہو نے بھارتی صحافیوں کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔

ادھر ممبئی میں اسرائیلی قونصل جنرل کوبی شوشانی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو "مضبوط پیغام” دینا وقت کی ضرورت تھی۔ انہوں نے آپریشن سندور کو ایک "دفاعی اقدام” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اس کارروائی پر فخر محسوس کرتا ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت نے اسرائیل سے 2.9 ارب امریکی ڈالر کا فوجی ساز و سامان خریدا، جس میں ریڈار سسٹمز، جاسوس اور جنگی ڈرونز، اور میزائل ٹیکنالوجی شامل ہے۔

Back to top button