اپوزیشن کے چہروں سے لگ رہا ہے وہ ہاریں گے

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے چہروں سے لگا رہا ہے وہ ہاریں گے،دنیا میں عالمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور اپوزیشن انتشار اورخلفشار پھیلا رہی ہے، کیونکہ ان کوعمران خان اچھا نہیں لگتا، اپوزیشن میں اتنی عقل نہیں کہ وہ حالات کو سمجھ سکیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہناتھا میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ لوگ 23 مارچ کو کوئی لانگ مارچ نہیں کریں گے اورجہاں تک رہی اجلاس کی بات تو درخواست دینے کے 15 ایام بعد اجلاس طلب کیا جاتا ہے، اپوزیشن اپنے ووٹ پورے کرے۔انہوں نے 172 ووٹ جمع کرنے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے ان کے ووٹ پورے ہوگئے ہیں، فتح اور شکست کا فیصلہ آسمانوں پر ہے، آپ اس ملک کو کیسے چلائیں گے۔

انہوں نے کہا اب آپ کہہ رہے ہیں کہ امپائر غیر جانبدار ہیں، شکر ہے اللہ کا کہ آپ کو ساڑھے 3 سال بعد یہ خیال آیا کہ امپائرغیر جانبدارہے، جب آپ ہاریں گے تو آپ کہیں گے کہ تھرڈ امپائرنے ہرادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ عدم اعتماد ناکام ہوگی اورعمران خان کے لیے تحریک اطمینان ہوگی.

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان نے دنیا کی سامراجی قوتوں کو پیغام دیا ہے کہ ہماری سرزمین اب کسی ڈرون حملے کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ 22 سے 24 مارچ کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس کے سبب اسلام آباد میں تعطیل ہوگی، اجلاس میں بڑی تعداد میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے، 23 مارچ کو پاکستان میں جے 10 سی کی اہم پریڈ بھی ہورہی ہے.

جہانگیر ترین اورعلیم خان سے رابطے سے متعلق ایک سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاست کھلے دروازوں کا نام ہے، سب سے بات چیت کرنی چاہیے اور اپوزیشن کے چہروں سے ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ ہاریں گے، رمضان میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نےپشاور حملے کی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سفاک حملے میں 6 ملزمان ملوث تھے اور ہم ملزمان تک پہنچ چکے ہیں، ان کا نیٹ ورک اور سلیپنگ سیل ہمارے ریڈار میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ پیٹرول کی قیمت 130 ڈالر فی بیرل سے زائد ہوچکی ہے، 50 فیصد گندم یوکرین اور روس دنیا کو فراہم کرتے ہیں، پیٹرول کی قیمت امریکا میں 4 ڈالر سے زائد ہے، اس کے باوجود عمران خان نے اس ملک میں آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ دوبارہ الیکشن جیتنے کے بعد وہ تمام لوگ جو کسی نہ کسی وجہ سے جیلوں سے بچ گئے ہیں وہ پھر جیلوں میں ہوں گے اوراپوزیشن میں اتنی عقل نہیں ہے کہ وہ حالات کو سمجھیں۔ انشااللہ عمران خان ان حالات سے نکلیں گے کیونکہ پہلی بار اس ملک میں آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی گئی ہے، اس شخص نے ہیلتھ کارڈ دیا، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، اب کوئی سرکاری ہسپتالوں میں علاج نہیں کروا رہا سب فائیو اسٹار ہسپتالوں میں علاج کروا رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ملک قدرتی آفات سے تباہ نہیں ہوتے انتشار سے تباہ ہوتے ہیں، ایسے حالات میں عمران خان نے 10 روپے پیٹرول اور 5 روپے بجلی میں چھوٹ دی یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، دنیا میں گیس اور پیٹرول کا بحران کھڑا ہوگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جب کسی طرح نقصان نہیں پہنچایا جاسکا تو اب ملک میں سیکیورٹی خدشات پیدا ہو رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کے سبب نے اپنا راستہ بدلا ہے، یہ خوش آئند ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو پوری سیکیورٹی دی جارہی ہے۔وزیر داخلہ نے آگاہ کیا کہ پیپلز پارٹی کو جلسے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں نعرے لگے اور ہر صوبے میں ووٹوں کی تعداد میں اضافہ ہو، عمران خان چاروں صوبوں سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی جیتیں گے۔

شیخ رشید نے خبردار کیا کہ اگر اپوزیشن نے ایک بھی غلطی کی تو جھاڑو پھر جائے گی اور آپ کی سیاست اس شاہراہ دستور پر دفن ہوجائے گی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے طالبان درست کہہ رہے ہیں کہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو جھانسہ دینے کی کوشش ناکام ہوگی

عورت مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خواتین بھلے احتجاج کریں لیکن وقت اور جگہ کے تعین کے لیے ڈی سیز سے رابطہ کرلیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عورت مارچ ہو، حجاب مارچ ہو یا علما مارچ ہو کسی پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن غیر ملکی طاقتیں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، اس سلسلے میں خیبرپختونخوا پولیس نے ایک بہت بڑے نیٹ ورک کو گرفتار بھی کیا ہے۔

Back to top button