ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو جھانسہ دینے کی کوشش ناکام ہوگی

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ سارے چور جمع ہوگئے ہیں اور جو لوٹ مار کا پیسہ انہوں نے جمع کیا ہے اس سے وہ ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کر رہے ہیں اور جو یہ قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کو جھانسہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اس میں انہیں ناکامی ہوگی۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر کوئی شخص تحریک انصاف کو چھوڑتا ہے تو اس کی سیاست ختم ہوجائے گی۔ندیم افضل چن کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ ایک صاحب ہمارے پاس آئے تھے، اب وہ کہتے ہیں کہ میں اپنے گھر کو لوٹ گیا ہوں، جب آپ نے جانا ہی تھا تو آئے کیوں تھے، کیونکہ یہ کوئی سیاست نہیں ہے کہ آپ کبھی ادھر جائیں کبھی ادھر جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے جو ہارس ٹریڈنگ کابازار لگایا ہوا ہے اس میں انہیں ناکامی ہوگی، اس کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے کردیا ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہوسکتا ہے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجائے، ہوسکتا ہے ناکام ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو شوق سے لائیں، لیکن انہیں اس میں مکمل طور پر ناکامی ہوگی اور جس طرح سے عوام عمران خان کے ساتھ ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں کو معلوم ہوگیا ہے کہ ان کی لوٹ مار اور چوری کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔ ایک شخص ملک سے باہر بھاگا ہوا ہے جس نے ابھی تک اپنے فلیٹس کی وضاحت نہیں دی۔

شفقت محمود نےقائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ‘چھوٹا شریف’ کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا ان کے نوکروں کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے نکل رہے ہیں اور آصف زرداری پوری دنیا میں کرپشن کی مثال ہے، تو یہ کب تک عوام کو لوٹیں گے اور کب تک اس ملک کی حالت مزید خراب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کبھی بھی عوام انہیں معاف نہیں کرے گی، اگلے انتخابات میں آپ دیکھیں گے انہیں شکستِ فاش ہوگی۔

انہوں نےگوجرانوالہ کے ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پورے ڈویژن میں کوئی یونیورسٹی نہیں ہے، یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے عنقریب کام شروع ہوجائے گا۔انہوں نے حافظ آباد سڑک اور چلڈرن ہسپتال سمیت گوجرانوالہ کے دیگر منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کئی سال سے حکومت کر رہے ہیں، انہوں نے گوجرانوالہ میں سڑکیں بنائیں نہ کوئی یونیورسٹی یا چلڈرن ہسپتال بنایا۔

وفاقی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کی صورت میں پورے ملک میں صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، سیاسی مخالفت کی وجہ سے صرف حکومت سندھ صحت کی سہولیات فراہم نہیں کر رہی ہے، باقی پورے ملک میں لوگوں کے پاس علاج کروانے کے لیے ان کی جیبوں میں 10 لاکھ روپے موجود ہیں۔

حکومت کے ہاتھ سے حالات تیزی سے نکل رہے ہیں

شفقت محمود نے بتایا کہ کفالت کارڈ کے ذریعے غریب شہریوں کو سستا راشن فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے یکساں تعلیمی نصاب بنایا، جو قوم بکھری ہوئی تھی اسے ہم نصاب کے ذریعے اکٹھا کریں گے اور اس میں ہمیں خاطر خواہ کامیابی ہو رہی ہے۔

Related Articles

Back to top button