فیلڈ مارشل سے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ کی ملاقات،باہمی تعاون پرتبادلہ خیال

چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان موجود فوجی روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی تعاون اور مشترکہ مشقوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں بالخصوص پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔
