فیول سبسڈی سکیم کے ثمرات مستحقین تک پہنچائیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ فیول سبسڈی سکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچائے جائیں۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پی ایم سپیشل ریلیف سکیم پر پیشرفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کے دوران درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے فیول سبسڈی سکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کردی جائے گی، جبکہ ملک بھر، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پٹرول پر ریلیف حاصل کیا جاسکے گا۔
وزیراعظم نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہاکہ رضاکار عوام کو فیول سبسڈی سکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں۔
وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم تیز رفتاری سے چلائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیول سبسڈی سکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے جائیں اور سکیم کی کامیابی کے لیے عوام کو بروقت معلومات اور رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
