ای سی سی نےوزیراعظم کے فیول ریلیف پیکج کی منظوری دیدی

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکج کی منظوری دیتے ہوئے سکیم کے لیے 75 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کرلی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیول ریلیف کی شفاف تقسیم کے لیے ڈیجیٹل فیول پاس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کی تیاری اور انتظام وزارت آئی ٹی کے ذمے ہوگا۔
منظور شدہ پیکج کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ صارفین کو ہر ہفتے 500 روپے کا فیول ریلیف دیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو 10 دن کے عرصے میں 1000 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
ای سی سی کے مطابق فیول ریلیف سکیم کا اطلاق صرف غیر کمرشل صارفین پر ہوگا اور ایک صارف یا گاڑی کا مالک صرف ایک گاڑی کے لیے یہ سہولت حاصل کرسکے گا۔
اجلاس میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی ملکیت اور انتظامی کنٹرول کی تنظیم نو کے فریم ورک کی بھی منظوری دے دی گئی۔
پی این ایس سی کی تنظیم نو اور نجکاری کے حوالے سے وزیر کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات بھی منظور کرلی گئیں۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے موجودہ آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے لیے ڈرافٹ اپ گریڈ معاہدے کی منظوری دیتے ہوئے منصوبوں کی تکمیل کیلئے 5 سال کی مدت مقرر کردی۔
ای سی سی نے 2 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی، تاہم برآمد کی اجازت کے ساتھ مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے حفاظتی شرائط عائد کی گئی ہیں۔
استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد سے متعلق معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مؤخر کردیا۔
دوسری جانب ایس سی او سربراہ اجلاس کے انتظامات کے سلسلے میں 15 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کیلئے 3 ارب روپے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
