ویمنز ایشیا کپ،سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم پر جرمانہ عائد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان ویمنز ٹیم کو جرمانہ کردیا۔
آئی سی سی کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرانے کی مرتکب ہوئی، وقت کی اجازت کو مدنظر رکھنے کے بعد پاکستان کو ایک اوور شارٹ قرار دیا گیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کی جی ایس لکشمی نے یہ پابندی عائد کی۔
آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرانے پر کھلاڑیوں کو ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے الزام تسلیم کرلیا، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ فیلڈ امپائرز ورندا راٹھی اور شتیرا جاکر جسی، تھرڈ امپائر روکیا سلطانہ اور فورتھ امپائر رباب احسن نے پاکستان کے خلاف سست اوور ریٹ کا چارج عائد کیا تھا۔
سری لنکا کے ہاتھوں سیمی فائنل میں 4 وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم پہلے ہی ایشیا کپ سے باہر ہوگئی تھی۔
