جماعت اسلامی کا 8 فروری کویوم سیاہ منانےکا اعلان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 8 فروری کوانتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف یوم سیاہ منانےکا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 8 فروری 2024 پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،لوگوں نے ووٹ کسی اور کو دیا، لیکن فارم 47 پر کسی اور کو جتوادیا گیا،ملک میں افراتفری کی وجہ مینڈیٹ کا چوری ہونا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز فارم 47 کے ذریعے آئے ہیں۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے لوگ بھی فارم47 کے ذریعے جیتے،کراچی میں لوگوں نے ووٹ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کودیا،ایم کیو ایم کو بھی دھاندلی سے سیٹیں دی گئیں، ہمارا مطالبہ ہےکہ جوڈیشل کمیشن بنے اور فارم 45 کے مطابق جس کی نشستیں ہیں اسے دی جائے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئےجوڈیشل کمیشن بن جائے تو 80 فیصد پارلیمنٹ خالی ہوجائےگی،حیرانی ہے پی ٹی آئی فارم45 کےمؤقف سے دستبردار ہوگئی،ری الیکشن کا مطالبہ حکومت کو تسلیم کرنے اور دھاندلی کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔
