190 ملین پاؤنڈ کیس کے جج کو کام سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنانے والے سیشن جج ناصر جاوید رانا کو کام سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اس درخواست کی سماعت کی، جس میں وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ کی 2004 کی آبزرویشن کے تحت سیشن جج ناصر جاوید رانا کی تعیناتی چیلنج کی گئی ہے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے دوران سماعت کہا کہ “22 سال بعد معاملہ عدالت میں لانے سے آپ کی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے۔ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ جب چاہیں درخواست دائر کریں اور جب چاہیں نہ کریں۔”

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹائم بارڈ کی بات الگ ہے، معاملہ اکتوبر 2025 میں میڈیا میں ہائی لائٹ ہوا، اور غیر قانونی کام کو منظرعام پر لایا گیا ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے واضح آرڈرز بھی موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے دلائل سننے کے بعد کہا کہ آرڈر جاری کیا جائے گا، اور بعد ازاں عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

Back to top button