عامر لیاقت کی موت کے بعد دانیہ کا عدت میں بیٹھنے کا اعلان

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے تنسیخ نکاح کے لیے عدالت سے رجوع کرنے والی ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے اب جائیداد کی خاطر انکی موت کے بعد عدت میں بیٹھنے کا اعلان کردیا ہے حالانکہ عامر لیاقت کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انکی موت کی ایک بڑی وجہ دانیہ خود تھی جس نے ان کی قابل اعتراض ویڈیوز جاری کر کے انہیں جیتے جی مار دیا تھا۔
دانیہ اور عامر لیاقت حسین نے فروری 2022 میں شادی کی تھی مگر مئی میں دانیہ نے ان سے تنسیخ نکاح کے لیے بہاولپور کی عدالت میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے عامر پر سنگین الزامات بھی لگائے تھے۔ تاہم اب موصوفہ نے عامر لیاقت کے انتقال کے بعد عدت میں بیٹھنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے اور ٹی وی میزبان کے درمیان صلح کے لیے باتیں آخری مراحل میں تھیں۔ دانیہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی والدہ اور عامر لیاقت کے درمیان تقریبا یومیہ بات ہوتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ عامر انہیں انسٹاگرام پر ذاتی پیغامات بھی بھجواتے تھے۔ دانیہ کے مطابق اس نے عامر سے صلح کے لیے کچھ وقت مانگا تھا اور ان کی صلح کی باتیں مکمل ہو چکی تھیں لیکن شاید اللہ کو یہ منظور نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے عامر لیاقت کو اور انہوں نے مجھے معاف کر دیا تھا۔
انہوں نے شوہروں سے ناراض ہونے والی بیویوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مجازی خداؤں کو خوش رکھنے کی کوشش کیا کریں کیونکہ زندگی بہت مختصر ہے اور اس کا چراغ کسی بھی لمحے گل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں عامر لیاقت کے انتقال کے بعد لوگوں کی جانب سے کیے گئے سخت الفاظ والے پیغامات کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے۔ شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس میں لوگوں نے ان کے خلاف سخت زبان کا استعمال کیا اور انہیں یاد دلایا کہ عدت میں بیٹھنے والی خاتون خاموشی سے گھر میں بیٹھتی ہیں، وہ ٹی وی والوں کو انٹرویو نہیں دیتی؟
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں دانیہ شاہ کی والدہ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ آخری دنوں میں عامر لیاقت ان سے رابطے میں تھے اور وہ اپنی بیٹی کو واپس کراچی بھیجنے پر غور کر رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی ایک ویڈیو میں عامر لیاقت نے خود یہ تسلیم کیا تھا کہ دانیہ شاہ بہت چھوٹی عمر کی نادان لڑکی ہے جس سے غلطی ہو گئی لہذا میں اسے دل سے معاف کرنے کے لئے تیار ہوں۔ خیال رہے کہ دانیہ نے عامر سے شادی کے صرف تین ماہ بعد ہی خلع کا دعویٰ دائر کر دیا تھا جس کے بعد عامر نے اپنی تیسری بیوی کی قابل اعتراض آڈیو گفتگو جاری کی تھی اور دانیہ نے ردعمل میں اپنے شوہر کی بیڈ روم کی عریاں ویڈیوز جاری کر دی تھیںں۔ لیکن عامر لیاقت کے قریبی ذرائع دانیہ اور اس کی والدہ کے اس دعوے کو سختی سے رد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عمر لیاقت کو سب سے زیادہ ذہنی صدمہ دانیہ کی جانب سے اپنی ویڈیوز جاری کرنے پر ہوا تھا جس کے بعد وہ سخت ڈپریشن میں چلے گئے تھے اور لوگوں سے ملنا جلنا چھوڑ کر گھر میں محدود ہو گئے تھے۔ عامر لیاقت کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی موت کی ایک بڑی وجہ دانیہ شاہ ہے لہٰذا اب جو بھی دعوے کیے جارہے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب ان دعووں کا مقصد عامر لیاقت کی جائیداد ہتھیانا ہے۔ عامر لیاقت کے قریبی ذرائع نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جسے زندگی میں میں اس کی اولاد نے نہیں پوچھا اب وہ وہ اپنے باپ کے بچے بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی شدید خواہش کے باوجود ان کا بیٹا اور بیٹی آخری وقت تک ان سے ملنے سے انکاری رہے۔