طوبیٰ کی عامر لیاقت کی اچھی باتیں یاد رکھنے کی اپیل


ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے چند ماہ پہلے خلع حاصل کر لینے والی انکی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ انور نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ ان کے سابق شوہر کے لیے دعائے مغفرت کی جائے اور ان کی اچھی باتوں کو یاد کیا جائے۔

یاد رہے کہ جس روز طوبی انور نے عدالت سے خلع حاصل کی تھی، عامر لیاقت نے اسی روز دانیہ شاہ سے تیسری شادی کرلی تھی جو صرف تین ماہ ہی چل سکی۔ طوبی انور نے عامر لیاقت سے جولائی 2018 میں شادی کی تھی مگر انہوں نے اس کی اعلان چند ماہ بعد کیا تھا۔ شادی سے قبل دونوں ٹی وی اسکرین پر ایک ساتھ شو بھی کرتے دکھائی دیے تھے۔
دونوں کی شادی تقریبا چار سال تک چلی اور رواں برس فروری میں طوبیٰ انور نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے عامر لیاقت حسین سے خلع لے لی۔ طوبیٰ انور نے واضح نہیں کیا تھا کہ کن وجوہات کی وجہ سے ان کی شادی ناکام ہوئی اور نہ ہی انہوں نے کبھی عامر لیاقت حسین پر کسی قسم کا کوئی الزام لگایا تھا۔

اگرچہ طوبیٰ انور نے عامر لیاقت حسین سے خلع کی تصدیق کی تھی، تاہم مرحوم اسکالر دعویٰ کرتے تھے کہ انہوں نے خلع پر دستخط نہیں کیے اور طوبیٰ ان کے نکاح میں ہیں۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے طوبی انور نے واضح کیا تھا کہ عدالت نے خلع کا کیس دائر کر دیا تھا اور اب وہ عامر لیاقت کے نکاح میں نہیں۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت 9 جون کو گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے، جنہیں ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی تھی۔ ان کی موت کی اصل وجہ اس لیے معلوم نہیں ہو پائی کہ ان کے بیٹے اور بیٹی نے ان کا پوسٹ مارٹم کروانے کی اجازت نہیں دی حالانکہ پولیس کو خودکشی کا بھی شبہ تھا۔ سابق شوہر کے موت کے بعد طوبیٰ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر ان کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے مداحوں کو بھی ان کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ مرحوم کی اچھی باتوں کو یاد رکھا جائے۔

طوبیٰ انور نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عامر لیاقت بہت سارے لوگوں کی زندگی میں آئے اور انہوں نے دوسروں پر اپنے اثرات مرتب کیے۔ انہوں نے مختصر پوسٹ میں سابق شوہر کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ عامر لیاقت کی اگلا سفر آسان بنے۔طوبیٰ انور نے لوگوں سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ ان لوگوں کی پرائیویسی کا خیال رکھیں، جن کا نقصان ہوا ہے، ان کا اشارہ عامر لیاقت کی سابق بیویوں اور بچوں کی جانب تھا۔

Back to top button