کراچی : ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر، مشتعل افراد نے متعدد ٹرک نذر آتش کردیے

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کےقریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا۔جس کےبعد مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی دیکھتے ہی دیکھتے چند گھنٹوں میں 10 ہیوی گاڑیوں کو جلادیا گیا۔واقعے کےخلاف ڈمپر ایسوسی ایشن نے سپر ہائی وے پر شدید احتجاج کیا جس کےبعد پولیس نے ڈمپر جلانے پر کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔
رات گئے نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا،واقعے کےبعد مشتعل افراد نے پاور ہاؤس چورنگی پر 5 ڈمپر اور فور کے چورنگی اور بابا موڑ کے قریب 4 واٹر ٹینکرز کو آگ لگا دی۔
آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر جائےوقوعہ پر پہنچا اور آگ بجھا دی۔
عینی شاہدین کےمطابق 17 سے 18 سال کا ڈمپر ڈرائیور ریس لگاتا ہوا آ رہا تھا،جس نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور پھر کئی موٹر سائیکلوں کو روندتا ہوا فرار ہوگیاجس کے باعث 2 موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کےبعد علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے، عینی شاہدین کےمطابق جائے وقوعہ پر موجود نوجوانوں نے پاور ہاؤس چورنگی سے صائمہ عربین ولاز تک ڈمپر کا تعاقب کیا،اس دوران ڈمپر کو روکنے کی کوشش میں ایک نوجوان زخمی بھی ہوا۔
واقعے کےبعد ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود جائے وقوعہ پر پہنچے اور احتجاج کا اعلان اور واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنےکا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں ڈمپرز کے مالکان نے سپر ہائی وے پر کچرے سے بھرے ڈمپروں سے کچرا سڑک پر الٹ کر دونوں ٹریک ٹریفک کےلیے بند کر دیے جس کے باعث ہیوی ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتےہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے احکامات دیے،پولیس اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب ہونےپر سپر ہائی وے پر احتجاج ختم کردیا گیا جب کہ مظاہرین پر امن منتشر ہوگئے۔
عمران خان سے ملاقات کا معاملہ : سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر گوہر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ
بعد ازاں پولیس نے ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں چھاپے مار کارروائی کےدوران واقعے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کرلیا،پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔
