PSX حملے سے متعلق ڈاکیومینٹری فلم کا پہلا ٹریلر جاری

پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کے پس منظر میں سندھ پولیس کے جوانوں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی گئی دستاویزی فلم کا پریمیئر کراچی میں منعقد کیا گیا۔
روا ڈاکیومینٹری فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم “دی پولیس اسٹوری” (PSX: The Police Story) کا پریمیئر مقامی سنیما میں ہوا، جس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، اسٹاک ایکسچینج حملہ ناکام بنانے والے ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے جوانوں اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پولیس کے مثبت کام اجاگر نہیں کیے جاتے، جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں پولیس اور فورسز پر فلمیں اور سیریز بنتی ہیں جو حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ ڈاکیومینٹری پولیس کی غیر معمولی کارکردگی کو اجاگر کرتی ہے، جب اہلکاروں نے محض چند منٹ میں دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ملک کو بڑی تباہی سے بچایا۔
واضح رہے کہ 29 جون 2020 کو دہشت گردوں نے کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا، جسے سندھ پولیس کے ریپڈ رسپانس فورس کے جوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر ناکام بنایا۔
