یومِ شہداء کشمیر: بھارت نے ثالثی کا دروازہ خود بند کیا، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش نے امن کا دروازہ کھولا، مگر بھارت کا انکار اس کی جنگی سوچ کا ثبوت ہے۔

یومِ شہداء کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کو اپنے خون کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اذان کے احترام میں گولیوں کا سامنا کرنے والے 22 کشمیری شہداء کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 13 جولائی 1931، مظلوم کی زبان بند کرنے والے جابرانہ نظام کے خلاف حریتِ ضمیر کی پہلی صدا تھی۔ ڈوگرہ راج کی بندوقیں اور آج کا بھارتی تشدد ایک ہی ظلم کی مختلف شکلیں ہیں۔

تربیلا ڈیم کےسپل ویز کھول دیے گئے، دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ

محسن نقوی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عقیدے، شناخت اور رائے کو ریاستی طاقت سے دبانا انسانی وقار کی کھلی توہین ہے۔ مودی سرکار بھی ڈوگرہ راج کی طرح کشمیریوں پر ظلم روا رکھے ہوئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ثالثی کی تجویز نے امن کا راستہ دکھایا، لیکن بھارت نے انکار کر کے اس راستے کو خود بند کر دیا۔ یہ انکار بھارت کی جنگجویانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر داخلہ نے زور دیا کہ شہداء کے لہو سے اٹھنے والی آزادی کی صدا کو دبایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کا محافظ، علمبردار اور ضامن ہے۔

Back to top button