خواجہ آصف کا عمران خان کواپنے بچے احتجاج میں لانےکامشورہ
وزیردفاع خواجہ آصف نے عمران خان کو اپنے بچے بھی احتجاج میں لانے کا مشورہ دیدیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ عمران خان کے لیے اتنا ہی ڈو اور ڈائی کا مسئلہ ہے تو اپنے بچے بھی احتجاج میں لائيں۔بشریٰ بی بی بھی اپنے بچے لےکر آئيں اور انہیں پہلی صف میں کھڑا کریں، تاکہ عوام کو بھی پتہ چلے کہ بانی پی ٹی آئی کا بھی کچھ داؤ پر لگا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لوگ ڈبل ایجنٹ ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امن گنڈاپور عوام کو چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں پی ٹی آئی دو مرتبہ وفاق پرحملہ آور ہوئی، علی امین گنڈاپور دونوں بار کارکنوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔ اب بھی آکر دیکھ لیں ان سے نمٹ لیں گے۔
وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتے ہيں، ہماری طرف سے تو مذاکرات کی پیش کش موجود ہے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کررکھا ہے۔اور بشریٰ بی بی غیراعلانیہ طورپراحتجاج کی قیادت کررہی ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی رہائی اورعدلیہ کی آزادی کیلئے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کے بعد سینئرقیادت کی جانب سے ڈھکے چھپے الفاظ میں عمران خان کی احتجاج کی کال کی مخالفت بھی کی جارہی ہے۔کیونکہ سینئرقیادت کا خیال ہے کہ عمرا ن خان نے احتجاج کی کال ٹھیک وقت پرنہیں دی۔کیونکہ تحریک انصاف کو مختلف مقدمات میں ریلف مل رہاہے۔عمران خان کی بھی متعدد مقدمات میں ضمانت ہوچکی مزید ایک دو کیس رہ گئے ہیں وہ بھی جلد ختم ہو جائیں گے۔دوسری جانب یہ بھی کہا گیا کہ کارکن آئے روز احتجاج سے مایوس ہوچکے ہیں۔اس وجہ سے احتجاج کی کال سے پہلے ورکرز کنونشن سے کارکنوں کو متحرک کرنے کی ضرورت تھی۔