خواجہ آصف کا کل آئینی ترمیم لانے کادعویٰ،وزیرقانون کی تردید

وزیردفاع خواجہ آصف نے کل آئینی ترمیم قومی اسمبلی میں لانے کادعویٰ کردیا جبکہ وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے تردید کردی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کل قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم پیش کی جائے گی۔نمبرپورے ہیں۔
وزیردفاع خواجہ آصف کا پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کل قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جا رہا ہے جس پر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا کل کے اجلاس میں آئینی ترامیم لائی جا رہی ہیں؟
خواجہ آصف نے جواب دیا کہ جی کل اجلاس میں آئینی ترامیم پیش کریں گے، صحافی کی جانب سے دوسرا سوال کیا گیا کہ کیا آئینی ترمیم کے لیے نمبر پورے ہیں، جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ جی ہمارے پاس آئینی ترمیم کے لیے نمبر پورے ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کل آئینی ترمیم پیش کیے جانے کی تردید کردی۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فی الحال جو اپوزیشن کے ایم این ایز کا مسئلہ پڑا ہوا ہے اس پربات چیت ہورہی ہے۔جو گرفتاریاں ہوئی ہیں اس پر وزیر داخلہ کو بھی بلایا ہے، اس مسئلے پربھی وہ کہہ رہےہیں کہ پروڈکشن آرڈر رہیں گے، اجلاس رہے گا توپروڈکشن آرڈر رہے گا۔
آئینی ترمیم،حکمران اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس کل طلب
اعظم نذیر تارڑ سے پوچھا گیا کہ کیا کل کوئی آئینی ترمیم آرہی ہے؟جس پر اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیا کہ نہیں، مجھ سے زیادہ تو آپ کوپتا ہے۔
