خواجہ سعد رفیق کو دل کا دورہ پڑنے پر اسٹنٹ ڈال دیا گیا

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما  اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو دل کا دورہ پڑنے پر اسٹنٹ ڈال دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ان کی ایک شریان میں رکاوٹ پائی گئی جس پر فوری طور پر اسٹنٹ ڈال کر علاج کیا گیا۔ کامیاب طبی کارروائی کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا اور آرام کی ہدایت کے ساتھ گھر بھیج دیا۔

اس موقع پر ان کے چھوٹے بھائی اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر اہلِ خانہ بھی اسپتال میں موجود تھے۔

خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ طبیعت ناساز ہونے پر وہ معمول کے چیک اَپ کے لیے اسپتال گئے تھے، جہاں معائنے کے دوران ایک شریان بند ہونے کا انکشاف ہوا اور فوری طور پر اسٹنٹ ڈال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے اب وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں اور گھر واپس آ چکے ہیں۔

Back to top button