خیبر پختونخوا: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جہاں فتنۃ الخوارج کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ ٹانک میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 7 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ لکی مروت میں بھی خوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 خوارج ہلاک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک شدہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ عناصر مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے ان علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، اور یہ کارروائیاں ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف دو کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
ان رہنماؤں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے خوارج کو ہلاک کیا۔ خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی جرات، بہادری اور مہارت قابلِ فخر ہے، اور فتنہ الخوارج کے خلاف فورسز بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ قیام امن کے لیے خیبر پختونخوا میں فورسز کا عزم مضبوط ہے۔
