کویت کی خیبرپختونخوا کےسیلاب متاثرین کیلئےتعاون کی یقین دہانی

کویت نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو آج کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیاحیٰ کی فون کال موصول ہوئی، جس میں انہوں نے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور تعاون کی پیش کش کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے کویت کے ولی عہد صباح الخالد الصباح کی جانب سے شمالی پاکستان میں جانی و مالی نقصان پر تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ کویت کی حکومت اور عوام بھائی چارے کے جذبے کے تحت پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کویت کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں رہنما اس ماہ جدہ میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں ملاقات کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں آنے والے حالیہ سیلاب کے باعث اب تک 308 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، درجنوں لاپتہ اور سیکڑوں مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔
