این اے66وزیرآباد ضمنی الیکشن،عطا تارڑ کےبھائی کو ن لیگ کاٹکٹ جاری

 مسلم لیگ (ن) نے این اے-66 وزیر آباد کے ضمنی انتخاب کے لیے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بھائی بلال فاروق تارڑ کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں پارٹی قائد نواز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے وزیراعظم کو متاثرین کی ہر ممکن امداد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

دریں اثنا، مسلم لیگ (ن) نے بلال فاروق تارڑ کو این اے-66 وزیر آباد سے انتخابی امیدوار نامزد کردیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ قیادت نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا، ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اس اعتماد پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹکٹ پارٹی اور کارکنان کی امانت ہے، انشااللہ پوری محنت اور وفاداری کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔

ادھر الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق این اے-66 وزیر آباد، این اے-129 لاہور اور پی پی-87 میانوالی میں 18 ستمبر کو ووٹنگ ہوگی۔

واضح رہے کہ این اے-66 وزیر آباد کی نشست احمد چٹھہ اور پی پی-87 میانوالی کی نشست پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔

Back to top button