ایرانی سفیرکی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد،حمایت پراظہارتشکر

ایرانی سفیرکی جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد، امریکی جارحیت پر ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد:  ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وفد کے ہمراہ  جے یو آئی کے  سربراہ  مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں  حالیہ  امریکا ایران جنگ کے اثرات ، مضمرات  سمیت  اہم  امور  پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

جے یو آئی کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق ایرانی سفیرکا کہنا تھا کہ  ایران امریکا جنگ کے بارے میں آپ کے جاندار مؤقف پر ایرانی قوم کی طرف  سے شکرگزار ہوں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  امریکا  اور  ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان کی میزبانی پاکستان کا اعزاز ہے، جنگ بندی کی توقع  اور مستقل امن کی تمنا کے ساتھ اسلامی بلاک کا قیام ہماری تمنا ہے، اسلامی بلاک  جے یو آئی کے منشورکا حصہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  اسلامی دنیا کے حکمرانوں کو  سبق سیکھنا چاہیے، وحدت کے بغیر ہم ہمیشہ استعمال ہوں گے،  اسلامی ممالک کی خود مختاری کا احترام ہونا چاہیے، مسلم اُمّہ کا مل بیٹھ کر  مضبوط قوت  سے مسائل کو  حل کرنا وقت کا تقاضہ ہے، بیت المقدس کا  تحفظ اور  اسرائیل کے ناجائز  قبضے سے آزادکرانا ہر مسلمان کا فرض ہے۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ  میں آپ کے اس مؤقف کی تائیدکرتا ہوں، امریکی جارحیت پر مولانا فضل الرحمان سمیت پاکستانی عوام کا ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستانی عوام، علما  اور مختلف طبقہ فکرکا مضبوط اور متوازن مؤقف قابل تحسین ہے۔

Back to top button