پی ایس ایل،پشاورزلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوشکست دیدی

پشاور زلمی کی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کے 23ویں میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8وکٹوں سے شکست دیدی۔
نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ کی جانب سے دیا گیا 155 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے پلے آف کی راہ مزید کٹھن ہوگئی ہے۔
پشاور زلمی کی جیت کے معمار ایک بار پھر کپتان بابر اعظم ثابت ہوئے جنہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور ایک بلند و بالا چھکا شامل تھا۔ اوپنر محمد حارث نے 35 رنز بنا کر بابر اعظم کے ساتھ 75 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔
مڈل آرڈر میں کوشل مینڈس نے 21 رنز بنائے جبکہ ایرون ہارڈی 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے کپتان سعود شکیل اور الزاری جوزف ہی ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے، تاہم ان کا کوئی بھی بولر زلمی کے بلے بازوں کو دباؤ میں لانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 154 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی۔ کوئٹہ کا کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا؛ حسن نواز 37 اور رائیلی روسو 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کے بولرز نے شروع سے ہی شکنجہ کسے رکھا، خصوصاً صفیان مقیم اور محمد باسط نے3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
افتخار احمد نے بھی کفایتی بولنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ حاصل کی، بابراعظم کو ان کی شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پشاور زلمی کی یہ مسلسل 5ویں فتح ہے جو ان کی بہترین فارم اور ٹیم ورک کی عکاسی کرتی ہے۔
